ریو دی جنیرو، 2 ؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )اسٹارٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر، ملوس راونچ، ٹامس برڈچ، سمونا ہالیف اور وکٹوریہ اجا رینکا سمیت کئی چوٹی کے ٹینس کھلاڑی اس بار ریو اولمپک سے ہٹ گئے ہیں جس سے نوواک جوکووچ، اینڈی مرے ، رافیل نڈال اور سرینا ولیمس کی موجودگی کے باوجود اس کھیل کو اولمپکس میں بنائے رکھنے کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔کچھ کھلاڑیوں نے زخمی ہونے کی وجہ سے تو کچھ نے جیکا وائرس کی وجہ سے اولمپک سے اپنے نام واپس لیا ہے ۔ان میں سے سب سے بڑا نام 17بار کے گرینڈسلیم چمپئن فیڈرر کا ہے۔ان کے علاوہ مرد زمرہ میں ٹاپ 20میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں راونچ، برڈچ، ڈومینک تھیم، رچرڈگاسکیٹ ، جان اسنر، فلیسیانو لوپیز اور نک کرگیوس ہیں جو ریو میں نظر نہیں آئیں گے ۔خواتین زمرے میں بھی کئی کھلاڑیوں نے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔آسٹریلین اوپن کی رنر اپ ڈومینیکاسبولکوا اس فہرست میں شامل ہونے والا نیا نام ہے جو پنڈلی کی چوٹ کی وجہ سے اولمپک سے ہٹی ہیں۔انہیں 7 سے 10 دن تک آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ان کی جگہ ایستو نیا کی اینیٹ کونٹاویٹ کو ڈرا میں جگہ ملی ہے۔سبو لکوا سے پہلے ہالیپ، ازارینکا، میں بلینڈا بینسچ اور کارولینا پلسکوا بھی خواتین کے سنگلز سے ہٹ گئی ہیں۔ماریا شاراپووا ڈوپنگ کی وجہ سے دو سال کی پابندی جھیل رہی ہیں اور اس وجہ سے وہ ریو اولمپکس میں حصہ نہیں لے پائیں گی۔